100روز کا اصل کریڈٹ بشریٰ بیگم کو جاتا ہے: عمران خان


Syed Rizwan Shamsi Posted on November 29, 2018

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے پہلے 100 دن گزرنے پر میں بشریٰ بی بی بی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ وہ بہت مشکل گھریلو زندگی گزار رہی ہیں۔ حکومت کے 100 دن پورے ہونے پر جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں 100 دن کا کریڈٹ بشریٰ بیگم کو دینا چاہتا ہوں کیونکہ ان 100 دنوں کے دوران میں نے صرف ایک چھٹی کی وہ بھی گزشتہ ہفتے کے روز، اس لئے میں اصل خراج تحسین بشریٰ بی بی کو پیش کرتا ہوں جن کی گھریلو زندگی 100 دنوں میں کافی مشکل رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے گھر میں جب ٹی وی دیکھنے کا موقع ملتا ہے اور بشریٰ بیگم ساتھ بیٹھی ہوتی ہیں تو ٹی وی ظلم دیکھ کر مجھے غصہ چڑھتا ہے اور میں ان سے کہتا ہوں کہ یہ دیکھو کتنا بڑا ظلم ہو رہا ہے تو وہ کہتی ہیں کہ آپ وزیراعظم ہیں، یعنی مجھے ابھی تک یہ بتانا پڑتا ہے کہ میں وزیراعظم ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ بائیس سال سے کرپشن پر قابو پانے کا وعدہ کر رہا تھا، امیر اور غریب کے فرق کی وجہ ہی کرپشن ہے، جن ملکوں میں خوشحالی وہاں کرپشن نہیں ہے۔ سو دن کے اندر ہماری پالیسی کا مقصد عام آدمی کی مدد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ دنیا کے عظیم ترین لیڈر تھے، مدینہ کی ریاست میں ساری پالیسی غربت کے حل کے لئے بنائی، مدینہ کی ریاست میں ساری پالیسیاں کمزور طبقے کے لیے بنائی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کے ہاتھ میں صرف کوشش ہوتی ہے، انسان کامیاب ہوتا ہے یا نہیں ہوتا، یہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، جب نماز پڑھتا ہوں تو اللہ تعالیٰ سے راستہ مانگتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے انسان اوپر جاتا ہے، اس لیے تعلیم کے حوالے سے پالیسی پر بڑا کام کیا ہے، اس کے علاوہ گورنمنٹ ہسپتالوں کو ٹھیک کرنے کے لیے ٹاسک فورس بنائی ہے۔